علی گڑھ، 8/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے رائڈنگ کلب کے زیرِ اہتمام سر سید دو صد سالہ تقریبات کے تحت 128 ویں سالانہ ہارس شو کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ (ریٹائرڈ)نے کی۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل شاہ نے کہا کہ اے ایم یو کے رائڈنگ کلب کی تاریخ کافی باعثِ افتخار ہے اور اس کھیل میں حصہ لینے والے یہاں کے متعدد طلبأ نے قومی سطح پر اپنی شناخت قائم کی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی یہاں کے طلبأ وطالبات شہہ سواری کے میدان میں بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے یونیورسٹی اور ملک کا نام روشن کریں گے۔وائس چانسلرنے کہا کہ ان کی کوشش تھی کہ رائڈنگ کلب میں نئے گھوڑے لائے جائیں اور اسی کے تحت انہوں نے ہندوستانی فوج سے ایک گھوڑا منگوایا تھا۔رائڈنگ کلب کے صدر پروفیسر فرحت نسیم صدیقی نے کہا کہ اے ایم یوغالباً ہندوستان کی واحدمرکزی یونیورسٹی ہے جہاں رائڈنگ کلب موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ اے ایم یو کے شہہ سواروں نے کل ہند سطح کے شہہ سواری مقابلوں میں متعدد انعامات جیتے ہیں جن میں ہندوستانی فوج، بی ایس ایف، صوبائی پولیس اور عزت مآب صدر جمہوریہئ ہند کے باڈی گارڈس کے ذریعہ منعقد کئے گئے مقابلے شامل ہیں، انہوں نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ77رکنی رائڈنگ ٹیم میں 17طالبات شامل ہیں۔رائڈنگ کلب کے کپتان ارحم خاں کی کپتانی میں ہارس شو میں کئی قسم کے کھیل منعقد کئے گئے جن میں ٹینٹ پیگنگ، ٹیم ٹینٹ پیگنگ، شو جمپنگ، پول بینڈنگ، بال ایند بکٹ، بال پکنگ، میوزیکل چیئر اور جمخانہ کے انعقاد شامل ہیں۔ اس موقعہ پر رائڈنگ کلب کے سابق رکن ڈاکٹر عاصم رضوی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔ کپتان ارحم خاں کو رننگ ونر ٹرافی سے سرفراز کیاگیا۔ اس موقعہ پر جنرل شاہ اور علی گڑھ کے ڈی آئی جی مسٹر آر پی سنگھ یادو نے فاتحین کو انعامات سے سرفراز کیا۔ یونیورسٹی گیمس کمیٹی کے سکریٹری پروفیسرایم شعیب ظہیر نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا جبکہ ڈاکٹر عاصم رضوی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اس موقع پر رائڈنگ کلب کے نائب صدر ڈاکٹر ایس ایچ علوی بھی موجود تھے۔